چین کے وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے کہا ہے کہ چین فینٹانائل سے متعلق معاملات کی بنیاد پر چینی مصنوعات پر اضافی 10 فیصد محصولات عائد کرنے کے امریکی فیصلے سے سخت غیر مطمئن ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر تجارت وانگ وین تاؤ نے کہا ہے کہ چین فینٹانائل سے متعلق معاملات کی بنیاد پر چینی مصنوعات پر اضافی 10 فیصد محصولات عائد کرنے کے امریکی فیصلے سے سخت غیر مطمئن ہے۔
وزیرتجارت نے ان خیالات کا اظہار نو منتخب امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک کو ایک خط میں کیا جس میں انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی گئی۔
چینی وزیرتجارت نے کہا کہ چین اور امریکہ کے درمیان فینٹانائل کے تدارک کے حوالے سے وسیع اور مضبوط تعاون موجود ہے جس کے اہم نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرف سے محصولات میں یکطرفہ اضافے نے دونوں ممالک کے درمیان معمول کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو متاثر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین مساوی بات چیت اور مشاورت کے ذریعے ایک دوسرے کے خدشات کو دور کرنے کی امید رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے تجارتی شعبوں نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور سہولت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیرتجارت وانگ وین تاؤ نے کہا کہ چین امریکہ کے ساتھ بات چیت بڑھانے، اختلافات حل کرنے اور باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور مفید تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔
