ویلنگٹن(شِنہوا)چین میں گولڈ کیوی پھل اور سیب کی طلب کے باعث نومبر 2025 کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے پھلوں کی برآمدات 28 فیصد بڑھ کر 6.1 ارب نیوزی لینڈ ڈالر (3.52 ارب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
نیوزی لینڈ کے ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق یہ دوسرا موقع ہے جب نیوزی لینڈ کے پھلوں کی برآمدات 6 ارب نیوزی لینڈ ڈالر تک پہنچیں، پہلی بار یہ سطح اکتوبر 2025 میں حاصل کی گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے ادارہ شماریات کی بین الاقوامی اکاؤنٹس کی ترجمان ویکی وارڈ نے کہا کہ اس سال نومبر کے اختتام تک کل پھلوں کی برآمدات کی قدر کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ کیوی پھل اور سیب کا ہے۔
ادارے کے مطابق گولڈ کیوی پھل کی برآمد کے لئے سب سے بڑا ہدف چین اور سبز کیوی پھل کے لئے یورپی یونین ہے جبکہ سیب کے لئے چین نیوزی لینڈ کی سب سے بڑی منڈی ہے جو اس کی سیب کی مجموعی برآمدات کا ایک چوتھائی سے زیادہ ہے۔
نیوزی لینڈ کے سیب کی برآمدات پچھلے سال کے مقابلے میں 29 فیصد یا 28 کروڑ نیوزی لینڈ ڈالر بڑھیں جس میں مقدار 13 فیصد اور فی یونٹ قیمت 14 فیصد بڑھی۔
اعداد و شمار کے مطابق چیری کی برآمدات سے اس عرصے میں 12 کروڑ 50 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ ایووکاڈو کی برآمدات 10 کروڑ 70 لاکھ نیوزی لینڈ ڈالر تک پہنچیں۔



