ابوجا(شِنہوا) نائیجیریا کی جنوب مغربی ریاست اویو کے دارالحکومت عبادان میں بچوں کے میلے کے دوران بھگدڑ سے کم از کم 30 بچے ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
مقامی ٹی وی سی نیوز کے مطابق میلے میں بھگڈر اس وقت مچی جب تقریب کے نجی منتظمین نے 5 ہزار بچوں میں نقد رقم تقسیم کرنے کا اعلان کیا جس کی وجہ سے بدھ کی صبح عبادان کے بسورون علاقے میں جشن منانے کے مقام ایک ہائی سکول میں داخلے کے لئے افراتفری پھیل گئی۔
ایک بیان میں اویو ریاست کے کمشنر برائے اطلاعات ڈوٹن اویلاڈے نے تقریب کے منتظمین کی جانب سے مناسب منصوبہ بندی اور رابطوں کے فقدان کو جانیں ضائع ہونے کی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر بچے ہیں۔
کمشنر کا مزید کہنا ہے کہ حکومت نے ابھی تک متاثرین کی مکمل فہرست تیار نہیں کی ہے جنہیں علاج کے لئے عبادان کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ جو والدین اپنے بچوں سے متعلق فکرمند ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ عبادان کے طبی مراکز میں جاکر ان کا پتہ کریں جہاں متاثرہ بچوں کو مناسب طبی امداد کے لئے لے جایا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
