جنوبی سوڈان میں چینی سفیرما چھیانگ (بائیں) اور جوبا ٹیچنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر جنرل انتھونی سائمن لوپائی (دائیں) جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبا میں چینی عطیات کی تقریب میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
جوبا(شِنہوا)چینی طبی ٹیم کے 12ویں بیچ نے تہوار کے موسم سے قبل جنوبی سوڈان کے جوبا تدریسی ہسپتال کو ادویات اور طبی آلات عطیہ کر دئیے۔
قومی وزارت صحت کے انڈر سیکرٹری ہیریئٹ اکیلو پاسکویل نے کہا کہ یہ عطیات ایک ایسے اہم وقت پر وصول ہوئے ہیں جب توقع کی جارہی ہے کہ تہوار کے سیزن کے دوران طبی عملہ سڑک حادثات اور امراض کے باعث سامنے آنے والے نازک ہنگامی کیسز سے نمٹے گا۔
پاسکویل نے جنوبی سوڈان کے دارالحکومت جوبامیں عطیات کی تقریب کے دوران کہا کہ یہ عطیات بروقت ہیں کیونکہ ہر سال کرسمس کے موسم کے دوران طبی ادویات کی دستیابی کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔ کرسمس کے دوران ہمیں متعدد ہلا کتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لوگ الکو حل کے نشے، چوٹوں اور دیگر بیماریوں کے سبب بھی آتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ طبی سامان کی دستیابی اہم ہے۔
جنوبی سوڈان میں چینی سفیر ما چھیانگ نے کہا کہ ادویات اور طبی آلات سے ہسپتال کے عملے کا کام آسان ہو گا اور مقامی مریضوں کا مالی بوجھ بھی کم ہوگا۔
ما نے کہاکہ چینی طبی ٹیمیں ایک دہائی سے زائد عرصے سے جنوبی سوڈانی کمیونٹیز کو براہ راست طبی خدمات اور مقامی ڈاکٹروں کو صلاحیت سازی کی تربیت فراہم کر رہی ہیں۔
