چین کے صدر شی جن پھنگ برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں 19ویں جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیزسے ملاقات کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
ریو ڈی جنیرو(شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور آسٹریلیا کے درمیان مفادات کا کوئی بنیادی ٹکراؤ نہیں ہے۔
ریو ڈی جنیرو میں جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز سے ملاقات میں چینی صدر نے کہا کہ جب تک فریقین باہمی احترام پرکاربند رہیں گے،ایک دوسرے کو مساوی سمجھیں گے اور اختلافات دور کرتے ہوئے مشترکہ بنیاد تلاش کریں گے، چین اور آسٹریلیا کے تعلقات یقیناً بہتر ہوں گے۔
شی نے البانیز کے ساتھ ملاقات میں چین اور آسٹریلیا کے درمیان روابط اور تعاون کی مضبوطی اور تحفظ پسندی کی مخالفت پربھی زور دیا۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال نومبر میں ان کے اور البانیز کے درمیان بیجنگ میں ملاقات کے دوران چین-آسٹریلیا تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
شی نے کہا کہ اس سال چین کی بین الاقوامی درآمدی نمائش میں ریکارڈ 250 سے زائد آسٹریلوی کمپنیاں شریک ہوئیں۔ یہ آسٹریلوی کمپنیوں کی جانب سے چین کی معیشت اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر ’’اعتماد کا ووٹ‘‘ ہے۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ آسٹریلیا-چین جامع تزویراتی شراکت داری کے قیام کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر صدر شی جن پھنگ سے دوبارہ ملاقات پر انہیں خوشی ہے۔
البانیز نے کہا کہ گزشتہ سال اپنے دورہ چین کے موقع پر آسٹریلیا-چین تعلقات نے تجارت سمیت کئی شعبوں میں حوصلہ افزا ترقی کی جس سے دونوں ملکوں کے عوام کو ٹھوس فوائد حاصل ہوئے۔
