اتوار, جولائی 27, 2025
انٹرنیشنلچین اور برطانیہ ایک دوسرے کی ترقی سے متعلق منطقی اور معروضی...

چین اور برطانیہ ایک دوسرے کی ترقی سے متعلق منطقی اور معروضی نکتہ نظر اپنائیں، چینی صدر

برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جی 20 رہنماؤں کے سربراہ اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی جن پھنگ سے برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر ملاقات کررہے ہیں-(شِنہوا)

ریوڈی جنیرو(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور برطانیہ کو ایک دوسرے کی ترقی کے بارے میں منطقی اور معروضی نکتہ نظر اپنانا چاہئے۔

جی 20 کے 19 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر سے ملاقات کے دوران چینی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کو تزویراتی روابط کو بڑھانا چاہئے اور باہمی سیاسی اعتماد کو مضبوط کرنا چاہئے تاکہ دوطرفہ تعلقات کی مستحکم، ٹھوس اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنی تزویراتی شراکت داری پر ثابت قدم رہنا چاہئے، باہمی احترام، وسیع تعاون اور مل کر سیکھنے کے اصولوں پر عمل کرنا چاہئے جبکہ باہمی تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کا مشترکہ طور پر اگلا باب رقم کرنا چاہئے۔

چینی صدر نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک تاریخ، ثقافت، اقدار اور سماجی نظام میں مختلف ہیں لیکن مفادات مشترکہ ہیں۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری، صاف توانائی، مالیاتی خدمات، صحت کی دیکھ بھال اور عوام کی فلاح و بہبود جیسے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے عوام کے بہتر فائدے کے لئے مزید وسعت دی جانی چاہئے۔

اس موقع پر برطانوی وزیراعظم کیئرسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ اور چین وسیع مشترکہ مفادات کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور عالمی امن و ترقی کے تحفظ میں اہم ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں۔ پائیدار اور مضبوط دوطرفہ تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لئے ضروری ہیں۔

کیئرسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ علاقائی مسائل کے سیاسی حل پر زور دینے کے لئے چین کے ساتھ کثیرجہتی روابط اور تعاون بڑھانے کو تیار ہے۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!