چینی صدر شی جن پھنگ برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں جی 20 کے 19 ویں اجلاس کے موقع پر میکسیکو کی اپنی ہم منصب کلاڈیا شین بام پارڈوسے ملاقات کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
ریوڈی جنیرو(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور میکسیکو کو عملی تعاون مسلسل آگے بڑھانے کے علاوہ نئے دور میں دوطرفہ تعلقات کی ہمہ جہت ترقی پر زور دینا چاہئے۔
جی 20 کے 19 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام پارڈو سے ملاقات کے دوران شی جن پھنگ نے انہیں میکسیکو کی تاریخ کی پہلی خاتون صدر بننے پر ایک بار پھر مبارکباد دی۔ انہوں نے 2013 میں اپنے میکسیکو کے دورے کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے گہرا اور ناقابل فراموش تاثر چھوڑا ہے۔
شی جن پھنگ نے کہا کہ چین اور میکسیکو بہت سے بین الاقوامی مسائل پر یکساں خیالات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک عالمی سطح پر فائدہ مند اور جامع اقتصادی عالمگیریت کے حامی ہیں۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ چین کثیرجہتی، عالمی سطح پر شفافیت، انصاف برقرار رکھنے اور عالمی معیشت کی ترقی میں مثبت تحریک پیدا کرنے کے لئے میکسیکو کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام پارڈو نے چینی صدر شی جن پھنگ سے ملاقات پر خوشی کا اظہارکیا۔
انہوں نے سمندری طوفان جیسے مشکل حالات میں چین کی فراخدلانہ اور مخلصانہ مدد پر بھی اظہار تشکر کیا جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی کا ثبوت ہے۔
شین بام نے مزید کہا کہ میکسیکو مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے ممکنہ مواقع تلاش کرنے کے لئے چین کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہے۔
