چین کے شمالی شہر تیانجن میں ہونے والی 7 ویں چائنہ ہیلی کاپٹر نمائش میں لوگ ایئربس کے نمائشی علاقے کا دورہ کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
تیانجن(شِنہوا)چائنہ سدرن ایئر لائنز جنرل ایوی ایشن کمپنی لمیٹڈ (سی ایس اے جی اے) نے چین کے شمالی شہر تیانجن میں جمعرات سے شروع ہوکر اتوار تک جاری رہنے والی 7 ویں چائنہ ہیلی کاپٹر نمائش کے دوران ساحلی توانائی منصوبوں کے لئے ایک ایئربس ایچ 160 ہیلی کاپٹر کا آرڈر دیا ہے۔
ایئربس ایچ 160 ہیلی کاپٹر قانون نافذ کرنے، ساحلی نقل و حمل، تلاش و بچاؤ، ہنگامی طبی خدمات، نجی اور تجارتی فضائی سفر سمیت مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ہیلی کاپٹر برازیل، کینیڈا، فرانس، جاپان، ملائیشیا، فلپائن اور سعودی عرب جیسے ممالک میں استعمال میں آ چکا ہے۔
سی ایس اے جی اے چائنہ سدرن ایئر لائنز گروپ کمپنی لمیٹڈ کی ایک ذیلی کمپنی ہے اور چین کے ساحلی تیل و گیس کے ذخائر میں خدمات فراہم کرنے والے سب سے بڑے آپریشنل سروس فراہم کنندگان میں سے ایک ہے۔
سی ایس اے جی اے کے چیئرمین لی ایرباؤ نے کہا کہ ایچ 160 ہیلی کاپٹر کے معاہدے پر دستخط تعاون اور باہمی اعتماد کی عکاسی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں فریق چین میں تیل و گیس کی ساحلی نقل و حمل کی منڈی کو فروغ دینے کے لئے پرعزم اور پراعتماد ہیں۔
ایئربس ہیلی کاپٹرز چائنہ کے منیجنگ ڈائریکٹر کولِن جیمز نے کہا کہ یہ دونوں فریقوں کے لئے ایک قابل ذکر سنگ میل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2026 میں ایچ 160 ہیلی کاپٹر کی شمولیت سے سی ایس اے جی اے کی ساحلی نقل و حمل کی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔
ہیلی کاپٹر ایکسپو میں شرکاء کی ریکارڈ تعداد دیکھی گئی، جس میں 20 سے زائد ممالک اور خطوں کی 400 سے زیادہ متعلقہ کمپنیاں شریک ہوئیں۔ نمائش میں نچلی پروازوں سے متعلق معیشت کے لئے توسیع شدہ نمائشی علاقہ شامل تھا اور اس میں متعدد فوجی ہیلی کاپٹرز، سول ہیلی کاپٹرز اور دیگر نچلی پروازوں والے طیارے پہلی بار پیش کئے گئے۔
2011 سے چائنہ ہیلی کاپٹر نمائش جو ملک کی واحد قومی سطح کی پیشہ ورانہ بین الاقوامی ہیلی کاپٹر نمائش ہے، دنیا بھر کے ہیلی کاپٹر بنانے والے اداروں کو اپنے آلات کی نمائش اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔
