سپارکو نے چین کے خلائی اسٹیشن سے پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ ایچ-ایس ون خلا میں روانہ کر دیا ، سیٹلائٹ کے خلا میں روانگی کے مشن کی تکمیل پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان کا قوم کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیٹلائٹ آج ہی اپنے مخصوص مدار میں داخل ہوجائے گا،پاکستان کی جانب سے اس سال یہ خلا میں بھیجا جانے والا تیسرا سیٹلائٹ ہے،سٹیلایٹ کی اپنے مدار میں ٹیسٹنگ کو دو ماہ لگ سکتے ہیں، جس کے بعد سیٹلائٹ مکمل فعال ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی حمایت سے قومی منصوبہ حقیقت بن سکا ہے، ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ سے فصلوں، مٹی اور پانی کے معیار کی درست نگرانی ممکن، جنگلات کی کٹائی، آلودگی اور گلیشیئر پگھلنے کی مانیٹرنگ میں مدد حاصل ہوگی۔
مزید برآں سی پیک منصوبوں میں جغرافیائی خطرات کی نشاندہی میں HS-1 معاون ثابت ہوگا۔ اس سے پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کا بھی نیا باب رقم ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا خلائی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کی جانب مضبوط قدم ہے۔
سپارکو ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار مزید مستحکم کر رہا ہے اور ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ پاکستان کے خلائی پروگرام میں بڑی پیش رفت ہے۔ ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ HS-1 ملک کو پائیدار ترقی کے لیے ابھرتے ہوئے خلائی رہنماوں میں شامل کرے گا۔
