نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے دوحہ معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ درست سمت کی جانب پہلا قدم ہے، برادر ملک قطر اور ترکیہ کے تعاون کا دل کی گہرائیوں سے خیر مقدم کرتے ہیں۔
اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ دوحہ میں رات گئے طے پانے والے معاہدے کاخیرمقدم کرتے ہیں، مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانا نہایت ضروری ہے۔
اسحق ڈار نے کہا کہ ہم ترکیہ کی میزبانی میں ہونے والے آئندہ اجلاس میں ایک موثر اور قابلِ تصدیق نگرانی کے نظام کے قیام کے منتظر ہیں، تاکہ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے خطرے کا تدارک کیا جا سکے۔
