ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ مون سون ختم ہوچکا، دریائوں میں صورتحال معمول پر آگئی ہے، سیلابی پانی سندھ کیلئے زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنا، تمام شگاف ایک ہفتے میں بھر دیئے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ مون سون 2025ء مکمل ختم ہوچکا ہے، آئندہ ہفتے کسی بارش کا امکان نہیں، تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں، ستلج میں پانی کا بہائو تھوڑا سا زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایم فائیو موٹروے سیلابی پانی کی وجہ سے متاثر ہوئی جسے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کیا جا چکا ہے، اب تک موٹروے پر کسی قسم کی بریچ کا فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ٹیم مسلسل صورتحال کررہی ہے، پنجاب گورنمنٹ کو این ایچ اے اورسوئی ناردرن گیس کی پوری طرح سپورٹ رہی۔
انہوں نے بتایا کہ چناب میں مرالہ سے لے کر پنجند تک پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے، سیلابی پانی سندھ کیلئے زیادہ نقصان کا باعث نہیں بنا، دریائے سندھ میں سکھر کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، پانی کی سطح میں 62 ہزار 325 کیوسک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راوی پر سدھنائی کے مقام پر بہت بڑا شگاف ڈالا گیا تھا، اسے بھر دیا گیا ہے، آئندہ ایک ہفتے میں دیگر تمام شگاف بھی بھر دیئے جائیں گے۔
