روم: اطالوی نائب وزیر اعظم ماتیو سالوینی نے کہا ہے کہ چین اور اٹلی ہزاروں سال پرانی تہذیب کے وارث ہونے کے ناطے مشترکہ طور پر عالمی امن، استحکام اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے اپنی دانش مندی کا استعمال کریں گے۔
عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75 ویں سالگرہ اور دونوں ممالک کی جامع سٹرٹیجک شراکت داری کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر اٹلی میں چینی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ میں سالوینی نے کہا کہ امن اورعالمی استحکام کے حوالے سے اٹلی اور چین کے درمیان دوستی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ چین اور یورپ کے درمیان بات چیت، دوستی، شراکت داری اور تعاون، فائدہ مند، مثبت اور ضروری ہے۔
بنیادی ڈھانچے اور ٹرانسپورٹ کے اطالوی وزیر کی حیثیت سے سالوینی نے شِنہوا کو بتایا کہ وہ گزشتہ 75 سالوں میں چین کی طرف سے اختیار کئے جانے والےراستے کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے اطالوی شہروں میں مثبت کردار ادا کرنے پر چینی برادری کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
