اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سمٹ آف دی فیوچر میں سمجھوتے کے جذبے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سربراہ اجلاس کے نتائج پر بات چیت آخری مراحل میں ہے۔
اتوار سے شروع ہونے والے دو روزہ سربراہ اجلاس سے متعلق نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ رکن ممالک سے سمجھوتے کے جذبے کی اپیل سے متعلق وہ ایک اہم پیغام دے رہے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کو دکھائیں کہ جب ہم مل کر کام کرتے ہیں تو ہم کیا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سربراہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ایک تلخ حقیقت کی صورتحال میں ہو رہا ہے کہ بین الاقوامی چیلنجز مسائل کو حل کرنے کی ہماری صلاحیت سے کہیں زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی، عدم مساوات اور قرضوں کے علاوہ کنٹرول سے باہر جغرافیائی سیاسی تقسیم اور تیزی سے پھیلنے والے تنازعات اور مصنوعی ذہانت جیسی نئی ٹیکنالوجیوں کی ترقی جس میں رہنمائی یا حفاظت کا فقدان ہے کی بھی نشاندہی کی۔
اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انتونیو گوتریس نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل کے معاہدے، گلوبل ڈیجیٹل کمپیکٹ اور مستقبل کی نسلوں سے متعلق اعلامیے کو حتمی حد تک حاصل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
