اسلام آ باد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اربن فلڈنگ کے باعث انسانی جانوں اور املاک کو شدید نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ریلیف سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے، وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب ایک ہیں، اس آفت پر بھی قابو پا لیں گے،1200 خیمے متاثرہ علاقوں میں بھیجے جا چکے، خیبرپختونخوا میں بجلی کا نظام 70 فیصد بحال کر دیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوںنے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اورڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 25 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، شانگلہ، باجوڑ اور سوات سمیت خیبرپختونخوا میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا تاہم 70 فیصد بحال کر دیا گیا ہے، اور وزیر توانائی خود فیلڈ میں موجود ہیں۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مالاکنڈ اور بشام روڈ بحال کر دی گئی ہے جبکہ این-90 شاہراہ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، پمز ہسپتال سے خصوصی میڈیکل ٹیم بھی روانہ کر دی گئی ہے، مزید بارشوں کے پیش نظر تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ این ڈی ایم اے، پاک فوج اور وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر ایک بہتر حکمت عملی کے تحت صورتحال سے نمٹ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا مون سون بارشوں کے نتیجے میں سیلاب کی صورت حال کے پیش نظر اس وقت قومی اتحاد کے اقدام کے طور پر قومی ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان کا تمام صوبوں، متعلقہ اداروں اور پاک فوج کے ساتھ مربوط رابطہ قائم اور حکمت عملی بنائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا کام ہے، اور ہم سب مل کر اپنے لوگوں کو ریلیف پہنچائیں گے ،ریئل ٹائم میں معلومات تمام اسٹیک ہولڈرز سے شیئر کی جارہی ہیں ۔
