کراچی: ڈراما سیریل جن کی شادی ان کی شادی کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا گیا، ڈرامے کی ہدایت کاری سیفی حسن نے کی ہے، اسے سید نبیل نے لکھا ہے اور یہ مومنہ درید پروڈکشنز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔
اس کی کاسٹ میں وہاج علی، سحر خان، ارسلان نصیر، رومیسہ خان، سدرہ نیازی، لائبہ بٹ، سید جبران، عرفان موتی والا، نادیہ افغان، تمکنت منصور، ارباز خان، نبیل احسن اور دیگر شامل ہیں۔
یہ ڈراما ہارر اور کامیڈی کا امتزاج ہے، اس میں وہاج علی ایک عام انسان کا کردار ادا کر رہے ہیں جو شاعری کا شوقین ہے اور ایک پرانے طرز کے گھر میں رہتا ہے، جب کہ سحر خان ایک خاتون جن کے روپ میں نظر آئیں گی جو وہاج علی کی شاعری سے متاثر ہو جاتی ہیں۔
ٹیزر میں یہ اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ سحر خان وہاج علی کی خاطر اپنے جنوں کے قبیلے سے بغاوت بھی کر سکتی ہیں، بظاہر ایسا لگتا ہے کہ گھر کا ایک کمرہ کسی مافوق الفطرت مخلوق کی وجہ سے بند ہوگا اور وہاج علی کے دل میں اس کمرے کو کھولنے کا تجسس ہوگا۔
