لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں سے مختلف حادثات میں 2 روز میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 25 جون سے اب تک جاری بارشوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 123 افراد ہلاک جبکہ 462 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز مزید 10 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں لاہور، چنیوٹ، اوکاڑہ، چکوال اور سرگودھا سے اموات رپورٹ ہوئیں۔ چنیوٹ اور لاہور میں 3،3، اوکاڑہ میں 2 جب کہ چکوال اور سرگودھا میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔
رپورٹ کے مطابق چکوال بدستور سب سے زیادہ متاثرہ ضلع ہے، جہاں شدید بارشوں کے نتیجے میں زمین کھسکنے، چھتیں گرنے اور ندی نالوں میں طغیانی سے کئی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 20جولائی سے صوبے میں مزید شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
گرج چمک کیساتھ طوفانی بارشوں، شہری سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمے نے پنجاب سمیت خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے درجنوں اضلاع کیلئے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقامات پر اونچے درجے کے سیلاب کی پیشگوئی کی گئی ہے جس کیساتھ ہی پی ڈی ایم اے نے مقامی حکام کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
