اسلام آباد: صدر آصف زرداری نے حق خودارادیت کو کشمیریوں کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی اعلی مثال بن چکی ہیں، کشمیری جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
یومِ الحاقِ پاکستان پر جاری بیان میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ یوم الحاقِ پاکستان کشمیری عوام کی اجتماعی سوچ اور پاکستان سے ان کے فطری و دائمی تعلق کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و ستم کے باوجود حق خودارادیت کیلئے اپنی جدوجہد بھرپور استقامت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، کشمیریوں کی لازوال قربانیاں آج دنیا بھر میں آزادی، حریت اور قربانی کی اعلی مثال بن چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں اور جدوجہد ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی ،ایک دن وہ بھارتی تسلط سے آزاد ہو کر اپنی مرضی کے مطابق مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
