امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کاناویرل سپیس فورس سٹیشن پر ناسا کے خلا نورد بوچ ولمور(بائیں) اور سونی ولیمز بوئنگ کے سٹارلائنر خلائی جہاز پر سوار ہونے سے قبل کھڑے ہیں۔(شِنہوا)
لاس اینجلس(شِنہوا)گزشتہ جون سے بین الاقوامی خلائی مرکز(آئی ایس ایس) پر پھنسے ہوئے ناسا کے خلا نورد سونی ولیمز اور بوچ ولمور منگل کی دوپہر زمین پر واپس پہنچ گئے۔
دونوں خلا نورد اپنے ساتھی کریو-9 کے خلا نوردوں کے ساتھ سپیس ایکس کے ڈریگن خلائی جہاز پر واپس آئے جن میں ناسا کے خلا نورد نک ہیگ اور روسکوسموس کے خلا نورد الیگزینڈر گوربونوو شامل ہیں۔
ناسا کی براہ راست نشریات کے مطابق خلائی جہاز منگل کی شام مشرقی وقت کے مطابق 5 بج کر 57 منٹ(پاکستانی وقت کے مطابق بدھ کے روز 2 بج کر 57 منٹ) پر فلوریڈا کے ساحل پر اترا۔
عملے نے منگل کی صبح آئی ایس ایس سے الگ ہو کر واپسی کے 17 گھنٹے کے سفر کی ابتد کی۔ خلائی جہاز نے اپنا مدار کم کرنے کے کئی عوامل انجام دئیے اور زمین کے ماحول میں دوبارہ داخل ہونے کے بعد پیراشوٹ کی مدد سے فلوریڈا کے ساحل کے ساتھ پانی میں اتر گیا۔
خلائی ادارے کے مطابق منگل کی شام کے لئے سازگار موسمی حالات کی پیشگوئی کے باعث عملہ ناسا کے ہدف سے ایک دن قبل ہی واپس پہنچ گیا۔ خلائی ادارے نے ہفتے کے آخر میں موسمی حالات کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
ولیمز اور ولمور آئی ایس ایس لے جانے والے بوئنگ کے سٹار لائنر میں تکنیکی مسائل کے باعث گزشتہ جون سے خلا میں پھنسے تھے۔ ابتدائی طور پر دونوں خلا نوردوں کا مشن 8 دن کا تھا تاہم وہ 9 ماہ سے زائد عرصے تک آئی ایس ایس پر پھنسے رہے۔
