چینی وزیر خارجہ وانگ یی بیجنگ میں 14ویں قومی عوامی کانگریس(این پی سی) کے تیسرے اجلاس کے موقع پر چین کی خارجہ پالیسی اور بیرونی تعلقات کے بارے میں پریس کانفرنس میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین فرانس کے ساتھ اعلیٰ سطح کے قریبی تبادلے برقرار رکھنے، تزویراتی تعاون کو مستحکم کرنے اور حقیقی کثیرجہتی نظام کا مشترکہ طور پر دفاع کرنے کے لئے تیار ہے۔
چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کے خارجہ امور کمیشن کے ڈائریکٹر وانگ یی نے ان خیالات کا اظہار فرانسیسی صدر کے سفارتی مشیر ایمانوئل بوننے کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران کیا۔
ٹیلی فونک بات چیت کے دوران وانگ یی نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے لئے چینی صدر کی نیک تمنائیں پہنچانے کی درخواست کی۔
وانگ نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی صورتحال انتہائی پیچیدہ اور الجھی ہوئی ہے جس سے غیر یقینی اور عدم استحکام میں نمایاں اضافہ ہوا۔
وانگ نے حوالہ دیا کہ اس سال دوسری عالمی جنگ کی 80ویں سالگرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جامع تزویراتی شراکت داروں کے طور پر چین اور فرانس کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس تاریخی موقع پر تزویراتی رابطے کو مضبوط بنائیں۔
وانگ نے کہا کہ چین امید کرتا ہے کہ فرانس اس کے ساتھ مل کر اتحاد اور تعاون کا ایک مثبت پیغام دے گا اور چین-فرانس اور چین-یورپ تعلقات کی مفید اور مستحکم ترقی کو فروغ دے گا۔
بوننے نے وانگ کو میکرون کی جانب سے صدر شی جن پھنگ کے لئے نیک تمنائیں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس چین کے ساتھ دوستی اور باہمی اعتماد کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور اس کی قدر کرتا ہے۔ خاص طور پر موجودہ پیچیدہ عالمی صورتحال میں فرانس چین کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور قریبی تزویراتی رابطہ برقرار رکھنے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ممالک مل کر دھڑے بند محاذ آرائی کا مقابلہ کر سکیں۔
