وسطی غزہ کی پٹی میں ٹرکوں کے ذریعے امداد کی ترسیل کی جارہی ہے۔(شِنہوا)
عمان (شِنہوا) اردن میں چینی سفارت خانے اور اردن ہاشمی خیراتی تنظیم نے غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی امداد کی کھیپ بھیجنے کے لئے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔
چین کی فراہم کردہ انسانی ہمدردی امداد اردن کے ذریعے زمینی سرحدی راستے سے غزہ پہنچائی جائے گی۔ 60 ہزار سے غذائی پارسلز پر مشتمل ہنگامی امداد 6 کھیپ کے ذریعے بھیجی جائیں گی۔ ابتدائی کھیپ میں تقریباً 12 ہزار غذائی پارسلز شامل ہیں جو غزہ پہنچنے کے بعد عالمی خوراک پروگرام ، فلسطین ہلال احمر اور دیگر متعلقہ اداروں کے سپرد کئے جائیں گے۔
اردن میں چینی سفیر چھن چھوان دونگ نے تقریب میں کہا کہ چین نے فلسطینی عوام کے دوست کی حیثیت سے غزہ کو متعدد مرتبہ امدادی سامان مہیا کیا ہے اور فلسطینی عوام کو مزید امداد کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔
ہاشمی خیراتی تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین شبلی نے غزہ کے رہائشیوں کی حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آمدہ دنوں میں چین کے ساتھ مزید تعاون کیا جائے گا تاکہ علاقے میں ضرورت مندوں کی مدد کی جاسکے۔
