بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ امریکہ کو تائیوان کو مسلح کرنے کے اپنے "خطرناک اقدام” کو فوری طور پر روکنا چاہیے۔ انہوں نے یہ بات امریکہ کی جانب سے تائیوان خطے کے لئے تقریباً 11 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی۔
گو نے کہا کہ امریکہ کے اس اقدام نے چین کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ہے، آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے اور "تائیوان کی آزادی” چاہنے والی علیحدگی پسند قوتوں کو ایک انتہائی غلط پیغام بھیج رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین اس کی شدید مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جزیرے پر موجود "تائیوان کی آزادی” کی حامی علیحدگی پسند قوتیں عسکری طاقت بڑھا کر اپنے "آزادی” کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور دوبارہ اتحاد کی مزاحمت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، وہ ہتھیاروں کی خریداری پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ ضائع کر رہے ہیں اور یہاں تک کہ تائیوان کو "بارود کے ڈھیر” میں تبدیل کرنے کا خطرہ مول لے رہے ہیں۔
گو نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات "تائیوان کی آزادی” کی ناکامی کو نہیں بدل سکیں گے اور یہ صرف آبنائے تائیوان کو عسکری تصادم کے خطرے کی طرف تیزی سے دھکیلیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے لئے تائیوان کو مسلح کر کے "آزادی” کے ایجنڈے میں مدد کرنا الٹا نقصان دہ ثابت ہوگا اور تائیوان کو چین کو روکنے کے لئے استعمال کرنا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ تائیوان کا مسئلہ چین کے بنیادی مفادات کا مرکز ہے اور چین-امریکہ تعلقات میں یہ پہلی سرخ لکیر ہے جسے عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ گو نے کہا کہ کوئی بھی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لئے چینی حکومت اور عوام کے پختہ عزم اور مضبوط صلاحیت کو کم تر نہ سمجھے۔
انہوں نے کہا کہ چین امریکہ پر زور دیتا ہے کہ وہ ایک کے چین اصول اور چین اور امریکہ کے درمیان 3 مشترکہ اعلامیوں کی پاسداری کرے، اپنے رہنماؤں کے سنجیدہ وعدوں پر عمل کرے اور تائیوان کو مسلح کرنے کے خطرناک عمل کو فوری طور پر بند کرے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین اپنی قومی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پرعزم اور مضبوط اقدامات کرے گا۔



