چینی وزیر خارجہ وانگ یی ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات (سی آئی سی اے) کے حوالے سے کانفرنس کے 7 ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ویڈیو لنک کے ذریعے ایشیا میں تعامل اور اعتماد سازی کے اقدامات (سی آئی سی اے) کے حوالے سے کانفرنس کے 7 ویں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا کہ سی آئی سی اے کے بانی رکن کی حیثیت سے چین نے سی آئی سی اے کے امور میں فعال طور پر حصہ لیا، ہمیشہ سی آئی سی اے کی ترقی کی حمایت کی اور اس کے فروغ کےلئے اقدامات کرتا رہے گا۔
وانگ یی نے اس بات پر زور دیا کہ سلامتی کو یقینی بنانا، ترقی کو فروغ دینا، تعاون کو آگے بڑھانا اور مفید نتائج حاصل کرنا زیادہ تر ممالک کی فوری خواہشات ہیں۔ انہوں نے سی آئی سی اے پر زور دیا کہ وہ اس سلسلے میں ایک منفرد کردار ادا کرے، مشترکہ مستقبل کے حامل ایک ایشیائی معاشرے کی تعمیر کرے اور تعاون کے فروغ کو وسعت دے۔
وانگ یی نے سی آئی سی اے کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ پرامن بقائے باہمی کی پاسداری کریں اور مشترکہ سلامتی کے لئے کوششیں کریں۔ خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ طور پر بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو آگے بڑھائیں۔
وانگ یی نے کہا کہ چین سی آئی سی اے کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر ایشیائی تہذیب کی ایک نئی شکل تشکیل دینے کے لئے کام کرنے کو تیار ہے ۔
قازقستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ مرت نورتلیوف اور آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، جو سی آئی سی اے کے نئے چیئرمین ہیں، نے بھی خطاب کیا۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ سی آئی سی اے کے رکن ممالک کو متحد اور ایک دوسرے پر اعتماد کرنا چاہئے۔ تزویراتی تعاون کو مضبوط اور طریقہ کار کو بہتر بنانا چاہئے۔ تنظیم کے اثر و رسوخ کو بڑھانا چاہئے اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے عالمی جنوب کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔ فریقین بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو کو بہتر طور پر ہم آہنگ کرنے، علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور ممالک کے درمیان باہمی تفہیم کو بڑھانے کے طریقے تلاش کریں گے۔
