بیجنگ: موسمیاتی تبدیلی کی وزیرِ مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی خاں کھرل نے کہا ہے کہ بیجنگ میں جاری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) کی گرین ڈویلپمنٹ کانفرنس میں پاکستان اور چین کے درمیان ماحول دوست ترقی کے شعبوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے دوران چینی صدر شی جن پھنگ کی جانب سے گرین ڈویلپمنٹ کے حوالے سے دی گئی رہنمائی انتہائی اہم ہے، اور پاکستان کے ساتھ چین کی بات چیت بہت مثبت رہی۔ ڈاکٹر شذرہ منصب کے مطابق پاکستان اور چین کولیبریشن فار انوائرمنٹ، گرین ڈویلپمنٹ اور گرین ٹرانزیشن کے موضوعات پر قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی چین کا دورہ کیا، جس دوران زراعت، توانائی، آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر پیش رفت ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے حوالے سے چین نے دنیا بھر میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ڈاکٹر شذرہ نے کہا کہ ساؤتھ-ساؤتھ کوآپریشن کے تحت بھی پاکستان چین کے ساتھ نئے مواقع تلاش کر رہا ہے تاکہ پائیدار اور سبز ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔
