چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے شہید بینظیر بھٹو اور شہداء کارساز کا مشن آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18 اکتوبر قوم کی روح پر نقش ہوچکا، جمہوریت دشمنوں کی سازشیں شہدا کے لہو سے ناکام ہو گئیں۔
سانحہ کارساز کی 18ویں برسی پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ دن تھا جب 30لاکھ سے زائد لوگوں نے شہید بینظیر بھٹو کا وطن واپسی پر تاریخی استقبال کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ دن تھا جب 180بہادر جیالوں نے جمہوری پاکستان کے خواب کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، آمریت اور دہشت گردی نے گٹھ جوڑ کر کے شہید بی بی کے کارواں پر ہولناک حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کاروانِ بینظیر پر حملہ کرنے والے جمہوریت کی روشنی کو بجھانا چاہتے تھے مگر ہمارے شہدا کے لہو نے اسے مزید جلا بخش دی۔
انہوں نے کہا کہ18اکتوبر 2007ء کا دن قوم کی روح پر ہمیشہ کیلئے نقش ہو چکا ہے۔
بلاول بھٹو نے شہید بینظیر بھٹو اور کارساز کے شہدا کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
