اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی175 سیاسی جماعتوں میں شفاف انتخابات کروانے والی واحد جماعت ہے، لیکشن کمیشن کیلئے مناسب نہیں ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بات کرے،باقیوں کو چھوڑ دے،امید ہے راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا کیس آج سماعت کیلئے مقرر تھا، ہم نے جو دستاویزات جمع کروائی تھیں، وہ ابھی ایف آئی اے کے پاس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے درخواست کی تھی کہ ایف آئی اے سے تمام دستاویزات طلب کی جائیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی 175 سیاسی جماعتوں میں واحد پارٹی ہے جس نے شفاف ترین انٹرا پارٹی انتخابات کروائے، کسی نے انٹرا پارٹی الیکشن پر اعتراض نہیں کیا تھا،الیکشن کمیشن نے لیٹرجاری کیا تھا اس میں صرف ایک نکتہ اٹھایا گیا تھا، میں نے بطور پارٹی چیئرمین پارٹی عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، سپریم کورٹ نے میرے نوٹیفکیشن کو قبول کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں درخواست دی کہ کس کی کنفرمیشن قبول کریں، پی ٹی آئی کا کوئی سٹرکچر دستیاب نہیں، یہ بات غلط تھی کیونکہ ہمارا اسٹرکچر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکیومنٹس الیکشن کمیشن کے سامنے تھے، ہم نے الیکشن کمیشن کے سوال کا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا تھا، اس پر سپریم کورٹ نے 14 ستمبر کو الیکشن کمیشن کو آرڈر کیا ریزرو سیٹوں کو چھوڑیں، موجودہ 40 ایم این ایز کا نوٹیفکیشن کریں۔
انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں بارے جو معاملہ لٹکا ہوا ہے اس پر بھی جلد ہی فیصلہ آ جائے گا۔انہوں نے کہاکہ2 اکتوبر کو سماعت ہے، امید ہے اس مرتبہ مسئلہ حل ہو جائے گا، سپریم کورٹ پہلے ہی یہ مسئلہ حل کر چکی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کیلئے یہ مناسب نہیں وہ ایک پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن پر بات کرے اور باقیوں کو چھوڑ دے،ہمیں امید ہے الیکشن کمیشن ہماری راہ میں مزید رکاوٹیں نہیں ڈالے گا۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ لاہور کا جلسہ اپنے وقت پر ہو گا۔
