اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد رواں سال ملک میں متاثرہ بچوںکی تعداد 21 ہوگئی۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان کے علاقے پٹن میں 6سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو کیس کی تعداد 13ہوگئی۔محکمہ صحت کے مطابق بنوں اور لکی مروت سے 3، 3 جبکہ ٹانک اور شمالی وزیرستان سے 2، 2 پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ڈی آئی خان، تورغر اور کوہستان لوئر سے پولیو کا ایک، ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے۔این ای او سی کے مطابق پاکستان میں رواں سال اب تک پولیو کے 21کیس رپورٹ ہوچکے ہیں۔
این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں کو پولیو ویکسین لازمی پلوائیں اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی بروقت مکمل کروایا جائے۔
