اوہائیو: اٹلی کے نامور ٹینس سٹار، عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے دفاعی چیمپئن جینک سنر اور سپین کے نامور ٹینس سٹار ، ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے فائنل میں پہنچ گئے۔
امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں جاری ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میچ میں24 سالہ اٹلی کے جینک سنر نے اپنے یوم پیدائش کے موقع پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف فرانسیسی ٹینس سٹار ٹیرنس اتمانے کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 7-6(7-4) اور 6-2 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ ۔جینک سِنر اب فائنل میں ہسپانوی نامور ٹینس سٹار اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ کارلوس الکاراز سے پنجہ آزمائی کریں گے۔
ایک اور سیمی فائنل میچ میں 22 سالہ ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جرمنی کے حریف کھلاڑی اور تھرڈ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-3 سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
