ہرارے: جنوبی افریقن ترقیاتی کمیونٹی(ایس اے ڈی سی)کے رہنماوں نے علاقائی بلاک کے سیکرٹریٹ پر زور دیا کہ وہ خطے میں ایم پوکس کے اثرات کا جائزہ لینے کے لئے وزرائے صحت کا ہنگامی اجلاس طلب کرے۔
ایس اے ڈی سی کے ایگزیکٹیو سیکریٹری الیاس ماگوسی نے زمبابوے کے دارالحکومت ہرارےمیں جنوبی افریقن ترقیاتی کمیونٹی سربراہان مملکت و حکومت کے 44 ویں سربراہ اجلاس کے اختتام پر ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ بیماری کی نگرانی، تشخیصی ٹیسٹنگ، کلینیکل دیکھ بھال اور انفیکشن کی روک تھام اور اس کوقابو کرنے کے نظام کو مضبوط بنائیں۔
ماگوسی نے کہا کہ سربراہ اجلاس نے سیکریٹریٹ کو ہدایت کی کہ وہ ایم پوکس کے اثرات کا جائزہ لینے اور بیماری کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کی غرض سے مربوط علاقائی ردعمل کو آسان بنانے کے لئے وزرائے صحت کا ہنگامی اجلاس طلب کرے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں براعظم اور جنوبی افریقن ترقیاتی کمیونٹی خطے میں ایم پوکس کی صورتحال اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے ایم پوکس کو بین الاقوامی سطح پر صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال قرار دینے کا ذکر کیا گیا۔
ماگوسی نے مزید کہا کہ اجلاس میں ایم پوکس سے متاثرہ رکن ممالک کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا گیا اور ڈبلیو ایچ او، افریقی سینٹرفار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور شراکت داروں سے خطے میں ایم پوکس بیماری کا مقابلہ کرنے کے لئے وسائل حاصل کرنے کی درخواست کی گئی۔
