اقوام متحدہ: اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے جنگ زدہ علاقے ڈارفر میں انسانی امداد کی فراہمی کیلئے سوڈان کی طرف سے چاڈ کیساتھ سرحدی گزرگاہ کھولنے کے فیصلے کا خیرمقد م کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے ڈارفر کے لاکھوں افراد جنہیں ریکارڈ سطح کی بھوک کا سامنا ہے، تک انسانی امداد پہنچانے کے سب زیادہ براہ راست اور موثر راستہ دوبارہ کھولنے کے سوڈان کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے بین الاقوامی انسانی قوانین کے تحت سوڈانی فریقین کی ذمہ داریوں اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق انسانی رسائی کو آسان بنانے اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ٹھوس اور پائیدار اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو ڈارفر اور پورے ملک میں تمام ضرورت مند شہریوں تک مکمل، محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی حاصل ہونی چاہیے۔اقوام متحدہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہے تاکہ تنازع کے خاتمے اور سوڈانی عوام کے مصائب کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔
