اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سیاحت کے فروغ، ریونیو میں اضافے کیلئے سیاحتی مقامات کی سڑکوں کی تعمیر کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سڑکوں کو اس قابل بنائیں گے کہ خوبصورت علاقوں سے ریونیو مل سکے۔
جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ این ایچ اے نے رواں سال پچھلے سال کے مقابلے میں 50 ارب روپے اضافی ریونیو حاصل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاحتی مقامات سے اربوں روپے کما سکتے ہیں، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں شاہرائوں کی ذمہ داری لینے کو تیار ہیں، سڑکوں کو اس قابل بنائیں گے کہ خوبصورت علاقوں سے ریونیو مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں اور آزاد کشمیر کو خطوط لکھے ہیں کہ سڑکیں این ایچ اے کو دے دیں، این ایچ اے ان سڑکوں کو دوبارہ سے کارپٹ کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لواری ٹنل کا پیکیج ون 6.18 کلومیٹر کا تھا جو 2010ء میں مکمل ہوا، لواری ٹنل کا پیکیج ٹو 14.6 کلومیٹر کا تھا ، سائوتھ ایکسس 7.3 کلومیٹر دسمبر 2020ء میں مکمل ہوگیا تھا۔
