چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز کا طیارہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے ایئر پورٹ پر کھڑا ہے-(شِنہوا)
کوپن ہیگن(شِنہوا)چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز نے چین کے شہر شنگھائی اور ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے درمیان نئی براہ راست پرواز کا آغاز کیا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی رابطے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
ایک ایئربس اے 330 طیارہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے کوپن ہیگن ایئرپورٹ پر اترا جہاں اس کا استقبال روایتی واٹر سیلوٹ کے ساتھ کیا گیا۔ تقریباً 2 گھنٹے بعد 250 مسافروں کو لے کر واپسی کی پرواز سنگھائی روانہ ہوئی۔
افتتاحی پرواز کی خوشی میں کوپن ہیگن ایئرپورٹ کے ٹرمینل پر خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ چائنہ ایسٹرن ایئرلائنز نے آنے اور جانے والے تمام مسافروں کے لئے خصوصی یادگاری تحائف کا بھی اہتمام کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈنمارک میں چین کے سفیر وانگ شوئے فینگ نے کہا کہ یہ نئی پرواز چین اور ڈنمارک کے درمیان ایک اور ’’فضائی پل‘‘ قائم کرتی ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کو فروغ ملے گا، عوامی روابط اور دوستی مضبوط ہوگی اور تجارتی تبادلے و اشتراک کو فروغ ملے گا۔
یہ نئی پرواز ابتدائی طور پر ہفتے میں 3 دن پیر، جمعرات اور ہفتہ کو چلائی جائے گی۔ 24 ستمبر سے ایک اضافی پرواز بدھ کے روز بھی شامل کی جائے گی جس کے بعد ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 4 ہو جائے گی۔
