آزاد کشمیر حکومت نے آئندہ مالی سال 2025-26ء کیلئے 310ارب 20 کروڑ روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کردیا جس میں ترقیاتی اخراجات کیلئے 49ارب ،صحت کارڈ کے اجرا کیلئے 2ارب ،سکولز اپ گریڈیشن ،نئے ادارہ جات کے قیام کیلئے 2ارب 40 کروڑ ،فوڈ سبسڈی کیلئے 37ارب 99کروڑروپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔ بدھ کو وزیر خزانہ آزاد کشمیر اسمبلی عبدالماجد خان نے مالی سال 2025-26ء کا ٹیکس فری بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ حجم کا کل حجم310ارب 20کروڑ روپے ہے
۔انہوں نے بتایا کہ غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 2کھرب 61کروڑ روپے جبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 49ارب روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میں صحت کارڈ کے اجرا کیلئے 2ارب روپے ،ایجوکیشن پیکیج کے تحت سکولز کی اپ گریڈیشن اور نئے ادارہ جات کے قیام کیلئے 2ارب 40کروڑ روپے جبکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 60کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام محکموں میں بائیومیٹرک حاضری کا نظام نافذ ہوچکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ مالی سال کیلئے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے فوڈ سبسڈی میں 37ارب 99کروڑ 42لاکھ 80ہزار روپے مختص کئے ہیں جبکہ شعبہ رسل و رسائل کیلئے 15ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
