چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ وکلا ،ججز کو سہولیات فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں ،پہلی ترجیح عوامی شکایات دور کرنا ہے،ماتحت عدلیہ کی مشکلات کا احساس ہے، لوگوں کو انصاف دلائیں گے ۔پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ نومنتخب کابینہ کو مبارک باد دیتا ہوں، بار اور بینچ کو کوئی علیحدہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر اقدام قانون کی حکمرانی کیلئے ہوگا،آپ اپنے بڑوں کو نہ بھولیں ،نوجوانوں کو اپنے بڑوں کو فالو کرنا ہوگا انہیںآگے آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں کچہری کمپلیکس بنا رہے ہیں،ترقیاتی منصوبوں کو سپورٹ کریں، بار ایسوسی ایشن اس کی حمایت کرے، اس کا فائدہ سب کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح عوام کی شکایات کو دور کرنا ہے، ہمارے ہاں اچھے وکلا رہے ہیں وہ ہمارے رہنماء تھے ۔ چیف جسٹس نے عبداللطیف آفریدی، بیرسٹر ظہور الحق اور دیگر سینئر وکلاء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلا اور ججز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات جاری ہیں ،ماتحت عدلیہ کی مشکلات کا احساس ہے، لوگوں کو انصاف دلائیں گے ۔
