پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو شکست دیکر ویمنز ایشیاء کپ رائزنگ سٹارز کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
تھائی لینڈ کے دارلحکومت بنکاک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر یو اے ای کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
یو اے ای کی ٹیم پاکستانی بائولرز کا مقابلہ نہ کرسکی اور پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 79 رنز پر ڈھیر ہوگئی، تھیرتا ستیش 32 اور رینیتھا رجت 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے انوشہ ناصر نے 3، حفصہ خالد نے 2 جبکہ وحیدہ اختر، عمیمہ سہیل، مومنہ ریاست اور گل رخ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے 80 رنز کا ہدف باآسانی 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے شوال ذوالفقار 38 اور حورینہ سجاد 26رنز بناکر ناقابل شکست رہیں جبکہ ایمان نصیر 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل 20فروری کو کھیلے جائینگے۔
پہلے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم کا مقابلہ سری لنکا اور تھائی لینڈ کے درمیان جاری میچ جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔
پاکستان ٹیم دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش کے مدمقابل آئیگی۔




