شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں فائر فائٹر سمیت 6افراد جاں بحق جبکہ 30سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، کئی افراد پلازے میں پھنسے ہوئے ہیں، عمارت کے تین حصے زمین بوس ہو چکے ہیں، سندھ رینجرز اور پاک بحریہ سمیت تمام متعلقہ اداروں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی اموات دم گھٹنے سے ہوئی ہیں، مرنیوالوں کی شناخت 40سالہ کاشف، 55سالہ فراز، 30سالہ عامر، 28سالہ عامر کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ایک نامعلوم شخص بھی مرنیوالوں میں شامل ہے، آگ لگنے کے باعث درجنوں افراد زخمی اور بیہوش ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں 11 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا جس نے مزید کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا، 20 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں کی گئیں جبکہ اسنارکل کی مدد سے لوگوں کو پلازے سے باہر نکالا گیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کی جس کے بعد نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہوئے ہیں، آگ شاپنگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی ہے، شاپنگ پلازہ گرانڈ، میزنائن پلس 2 فلور پر مشتمل ہے جس میں تقریباً چھوٹی بڑی 3ہزار دکانیں موجود ہیں، آگ لگنے سے پلازہ کی متعدد دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ترجمان ریسکیو کا کہنا تھا کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے، عمارت میں کتنے لوگ ہیں تعداد بتانا مشکل ہے۔
سندھ رینجرز کے جوان بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک رہے، ترجمان رینجرز کے مطابق امدادی آپریشن مکمل ہونے تک رینجرز کے افسران اور جوان جائے وقوعہ پر موجود رہیں گے، فائر ٹینڈرز کیساتھ ساتھ رینجرز کے جوان پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے اور قیمتی سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مصروف رہے۔
متاثرہ عمارت کے گرد ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بھی رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔




