ہائیکو (شِنہوا) چین کے جنوبی صوبے ہائی نان کی آزاد تجارتی بندرگاہ (ایف ٹی پی) نے جزیرے بھر میں خصوصی کسٹمز آپریشنز کے آغاز کو ایک ماہ مکمل ہونے پر تجارت اور سامان کی ترسیل کی کارکردگی میں ابتدائی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
گزشتہ سال 18 دسمبر کو چین نے ہائی نان ایف ٹی پی میں جزیرے بھر کے لئے خصوصی کسٹمز اقدامات کا آغاز کیا جس کے تحت بیرون ملک سے آنے والی اشیاء کے لئے زیادہ آزادانہ داخلے کی اجازت دی گئی، صفر محصولات کی سہولت کے دائرہ کار کو وسعت دی گئی اور مزید کاروبار دوست اقدامات متعارف کرائے گئے۔
ان خصوصی کسٹمز پالیسیوں میں ایک نمایاں پالیسی "فرسٹ لائن پر زیادہ آزادانہ رسائی” ہے، جس سے مراد ہائی نان اور چین کی کسٹمز سرحدوں سے باہر کے علاقوں کے درمیان آزادانہ تجارت کو آسان بنانا ہے جبکہ "سیکنڈ لائن پر منظم رسائی” کے تحت ہائی نان سے چین کے مین لینڈ جانے والی اشیاء پر معمول کے کسٹمز قواعد لاگو ہو جاتے ہیں۔
ہائیکو کسٹمز کے مطابق 18 دسمبر 2025 سے 17 جنوری 2026 تک "فرسٹ لائن” کے ذریعے صفر محصولات پر درآمد کی جانے والی اشیاء کی مالیت 75 کروڑ یوآن (تقریباً 10 کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر) رہی جبکہ "سیکنڈ لائن” کے ذریعے ملک میں فروخت ہونے والی تیار اشیاء کی مالیت تقریباً 8 کروڑ 59 لاکھ یوآن رہی۔




