کراچی پولیس نے مقامی ٹرانسپورٹر کو گولی بھیج کر 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنیوالے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق شاہ لطیف تھانہ میں مدعی سرفراز علی نے ایف آئی آر نمبر 1541/25زیر دفعات 427ت پ، 384ت پ، 385 ت پ، 337H(ii)ت پ، 34ت پ کے تحت درج کروائی کہ میں شاہ لطیف کا رہائشی اور ٹرانسپورٹر ہوں، 21ستمبر کو شاہ لطیف ٹائون میں اپنے پلاٹ 57/58 SCپر کام شروع کیا تو دو موٹر سائیکلوں پر 4اشخاص آئے اور پستول دکھا کر مجھے کہا کہ اگر پلاٹ پر کام جاری رکھنا ہے تو 10لاکھ روپے دو اور میرے چوکیدار کو 10لاکھ روپے بھتے کی پرچی کیساتھ پستول کی گولی دے کر چلے گئے۔
متن کے مطابق 16 اکتوبر کو کو گھر پر سو رہا تھا کہ چوکیدار عبدالصمد نے اطلاع دی کہ 20سے 22افراد آئے اور پلاٹ کی دیواریں توڑ کر ہوائی فائرنگ کی۔
چوکیدار نے بتایا کہ دھر محمد، یاسین، غالب ڈومکی اور اکبر ہی بھتہ کی پرچی اور پستول کی گولی دے کر گئے تھے، یہی ملزمان بھتہ طلب کرنے اور پلاٹ کی دیواریں توڑنے میں ملوث ہیں۔پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کردی ہے۔
