چین، کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چیئرمین لی ہونگ ژونگ ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
جینان (شِنہوا) چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک (سی ای ای سی) نے مقامی سطح پر تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے تاکہ چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک کے درمیان مستحکم اور طویل مدتی تعاون کو فروغ دیا جاسکے۔
چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر یان تائی میں چین اور سی ای ای سی کے مقامی رہنماؤں کے چھٹے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے نائب چئیرمین لی ہونگ ژونگ نے کہا کہ 12 سال قبل چین اور سی ای ای سی کے درمیان تعاون کے نظام کے قیام کے بعد سے فریقین نے مشترکہ طور پر اس نظام کی مسلسل ترقی کو فروغ دیا، مثبت نتائج حاصل کئے اور عالمگیریت کے تناظر میں بین العلاقائی تعاون کا نمونہ قائم کیا۔
لی ہونگ ژونگ نے کہا کہ چین۔ سی ای ای سی تعاون سے نہ صرف متعلقہ عملی تعاون میں تیزی آئی بلکہ اس سے چین۔ یورپ تعلقات کی ترقی میں مثبت توانائی منتقل ہوئی۔
لی ہونگ ژونگ نے فریقین پر زور دیا کہ وہ مقامی سطح پر تعاون کو مزید مفید بنانے اور چین۔ سی ای ای سی کے درمیان مستحکم اور طویل مدتی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی ترقیاتی حکمت عملیوں کو ہم آہنگ کریں، ذیلی قومی تعاون کا نظام بہتر بنائیں اور تبادلوں اور نظم و نسق کے تجربات سے سیکھنے کے باہمی عمل کو مضبوط بنائیں۔
اجلاس میں سی ای ای سی سے 300 سے زائد افراد نے شرکت کی جنہوں نے دوطرفہ تعلقات، مقامی ترقی اور چین۔ یورپ تعاون کے فروغ میں چین۔ سی ای ای سی تعاون کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے چینی علاقوں کے ساتھ باہمی طور پر مفید تعاون کو بڑھانے، روایتی دوستی مضبوط بنانے اور مشترکہ ترقی کے حصول کی امید بھی ظاہر کی۔
