غزہ: غزہ شہر میں اسرائیل کی مسلسل بمباری کے نتیجے میں متعدد رہائشی علاقے ملبے کے ڈھیر میں بدل گئے،بڑی تعداد میں عام شہری ملبے تلے دب گئے، بچوں کی لاشیں چیتھڑوں میں بدل گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کو غزہ شہر کے ایک رہائشی احمد غزال نے کہا ہے کہ غزہ پر بہت شدید بمباری جاری ہے جو رکنے کا نام نہیں لے رہی، اور خطرہ بڑھتا جا رہا ہے، صبح میں نے ایسے دھماکوں کی آوازیں سنیں جنھوں نے زمین ہلا دی، اسرائیلی فوج نے ایک رہائشی بلاک کو نشانہ بنایا جہاں کئی خاندان رہتے تھے، تین مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔
الشوا اسکوائر کے قریب رہنے والے 25 سالہ احمد کے مطابق زیادہ تر تباہ ہونے والے گھروں میں لوگ مقیم تھے اور بڑی تعداد میں شہری ملبے تلے دبے چیخ رہے ہیں ۔
