اولان باتور: منگولیا کے دارالحکومت اولان باتور میں مختلف سکولوں کے 100 منگول طلباء کو چینی سفیر سکالرشپ دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس تقریب میں منگولیا میں چین کی سفیر شین من جوان، اولان باتر کے نائب میئر لولائی کھوسبیار کے علاوہ طلباء اور اساتذہ نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں چینی سفیر شین نے چین کو سمجھنے کے لیےچینی زبان کو سنہری کلید قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ 190 سے زائد ممالک اور خطوں نے چینی زبان کے پروگرام متعارف کرائے ہیں، 85 ممالک نے اسے اپنے قومی تعلیمی نظام میں شامل کیا ہے اور دنیا بھر میں 20کروڑسے زیادہ افراد چینی زبان سیکھ اور استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں چینی زبان سیکھنے اور چین کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا انتخاب کرنے والے منگولیا کے طالب علموں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔چینی سفیر سکالر شپ پروگرام کے قیام کا مقصد طالب علموں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنی چینی زبان کی صلاحیتوں کو بہتر بنائیں اور اپنی مستقبل کی امنگوں کو پورا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آپ سب اپنی جوانی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں گے، تندہی سے تعلیم حاصل کریں گے، اپنے آپ کو بااختیار بنائیں گے، اپنے ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں گے اور چین اور منگولیا کے درمیان دوستی کو مضبوط بنائیں گے۔
اولان باتور کے نائب مئیرکھوسبیار نے کہا کہ انگریزی کے بعد چینی زبان دنیا بھر میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبانوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ منگولیا کے طالب علم دوسری یا تیسری زبان کے طور پر چینی سیکھ رہے ہیں، جو اقوام متحدہ کی چھ سرکاری زبانوں میں سے ایک ہے۔ اس وقت، اولان باتور میں تین سرکاری اور 21 نجی سکولوں کے تقریبا 5ہزارطالب علم چینی زبان کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
سکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء نے چینی تعلیم جاری رکھنے اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں منگولیا اور چین کے مابین تعاون کو گہرا کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
