ریاض: سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان السعود اور مصر کے وزیر اعظم مصطفیٰ مدبولی نے ریاض میں ملاقات کی،دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماوں نے مصر اور سعودی عرب کے باہمی مفادات کو آگے بڑھانے کے مقصد سے تعاون کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا۔
مصطفیٰ مدبولی جو اتوار کو ایک اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت میں سعودی عرب پہنچے تھے،نے اپنے تین روزہ دورے کے دوران متعدد سعودی وزراء سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران مصر میں سعودی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور دوطرفہ اقتصادی تعاون بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس کے بعد مصری کابینہ نے اعلان کیا کہ سعودی عرب ابتدائی مرحلے میں مصر میں 5 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ سعودی ولی عہد کی ہدایت پر اس سرمایہ کاری کی نگرانی سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف) کرے گا۔
ولی عہد سے ملاقات کے بعد مصری وزیر اعظم کاسعودی عرب کا دورہ اختتام پذیر ہو گیا۔
