سوات: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہرممکن مدد کریں گے، گھر بنا کر دیں گے، بستیاں قائم کریں گے، ہم کسی پر احسان نہیں کر رہے، عوام کو ریلیف دینا ہمارا فرض ہے، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے کہا کہ شہدا کے لواحقین اورزخمیوں کومعاوضوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، معاوضوں کی ادائیگی کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں، تمام محکموں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بہترین کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس وسائل موجود ہیں، مدد کے لیے کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاوں گا، متاثرہ علاقوں میں انفرااسٹرکچر کو فوری بحال کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ میں مدد لینے والوں میں سے نہیں، دینے والوں میں سے ہوں، وسائل موجود ہیں ۔
