چین کے شمال مشرقی صوبے لیاؤ ننگ کے شہر دالیان میں ایک ہزار 400 سال قدیم گنک گو درخت کا منظر-(شِنہوا)
شین یانگ(شِنہوا) چین کے شمال مشرقی علاقے میں ایک ہزار 400 سال سے زائد سرد اور گرم موسموں کا سامنا کرنے والا بلندوبالا گِنکگو درخت اب دوبارہ زندگی کی طرف لوٹ رہا ہے۔
یہ درخت 30 میٹر بلند ہے اور اس کے تنے کا گھیراؤ 7 میٹر ہے۔ یہ لیاؤننگ صوبے کے شہر دالیان کے جِنجی گاؤں کا تاریخی نشان ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ موسم کے انتباہ کا قدرتی ذریعہ بھی ہے۔ جیسے ہی خزاں کے آخر میں اس کے پتے جھڑنے لگتے ہیں مقامی لوگ جان جاتے ہیں کہ پہلی برفباری سے پہلے بند گوبھی کی فصل کاٹنے کا وقت آ گیا ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ اس قدیم درخت میں عمر ڈھلنے کے آثار نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اس کا تنا کچھ حصوں میں گل چکا ہے اور کئی شاخیں ٹوٹ چکی ہیں یا خراب ہو چکی ہیں۔
ستمبر 2024 میں دالیان کے قدرتی وسائل کے محکمے نے شہر کے 408 قدیم یا اہم درختوں کی بحالی اور بہتری کے لئے منصوبہ شروع کیا۔
جِنجی گاؤں کا گِنکگو درخت اس منصوبے سے فائدہ حاصل کرنے والا پہلا درخت تھا۔ اس کے لئے 80 ہزار یوآن(تقریباً 11 ہزار 91 امریکی ڈالر) کی فنڈنگ مختص کی گئی اور جنگلات کے 4 ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔
مارچ کے وسط میں ماہرین کی ایک ٹیم درخت کا معائنہ کرنے کے لئے گاؤں پہنچی تاکہ بحالی کا کام شروع کیا جا سکے۔ ٹیم کے رکن کے مطابق قدیم درخت کی بحالی بزرگ فرد کی دیکھ بھال کی طرح ہے۔ اس میں منظم اور سائنسی حکمت عملی درکار ہوتی ہے۔
2015 سے 2021 کے درمیان کئے گئے قومی سروے کے مطابق چین 50 لاکھ 80 ہزار قدیم یا قابل ذکر درختوں کا مسکن ہے۔ خاص طور پر اس سال 15 مارچ کو ان درختوں کے تحفظ کے لئے وضع کئے گئے قومی سطح کے قوانین کے نفاذ کے بعد سے ان سبز خزانوں کو اب مزید تحفظ دیا جا رہا ہے۔
