نمیبیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تعمیرات و ٹرانسپورٹ جان موتوروا نمیبیا کے شہر روندو میں چین کے تعمیر کردہ جان موتوروا روڈ کے باضابطہ افتتاح کی تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔(شِنہوا)
روندو، نمیبیا(شِنہوا)نمیبیا کے شمال میں کاوانگو مشرقی علاقے کے شہر روندو میں واقع جان موتوروا روڈ ایک اہم ترقی ہے جو مواصلاتی رابطہ بہتر بناتی ہے اور مقامی برادریوں میں معاشی سرگرمی کو فروغ دیتی ہے۔
یہ سڑک چائنہ ہینان انٹرنیشنل کوآپریشن گروپ(چیکو) نے تعمیر کی ہے۔ اس کا باقاعدہ افتتاح اس کے نام کے حامل نمیبیا کے نائب وزیر اعظم اور وزیر تعمیرات و ٹرانسپورٹ جان موتوروا نے جمعہ کو کیا جو خطے کے لئے ایک سنگ میل ہے۔
نقل و حمل بہتر بنانے کے علاوہ منصوبے نے مقامی روزگار کے مواقع بھی پیدا کئے ہیں۔
موتوروا نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی برادریوں سے 61 غیر ہنر مند افرادکو ملازمت دی گئی جو حکومت کی سڑکوں کی تعمیر اور اپنے لوگوں کے لئے معاشی مواقع پیدا کرنے کے عزم کی دلیل ہے۔
موتوروا نے کہا یہ سرمایہ کاری یقینی بناتی ہے کہ آبادی ہر موسم میں قابل اعتماد سڑک سے فائدہ اٹھائے جس کی مرمت کی ضرورت کم ہو اور جو مجموعی طور پر معیار زندگی بہتر بنائے۔
نمیبیا میں چینی سفارتخانے کے معاشی اور کاروباری امور کے قونصلر وے جن منگ نے کہا کہ سڑک کی تکمیل اور حوالگی چین۔نمیبیا تعاون میں ایک اور کامیابی ہے جس سے مقامی افراد بھرپور طور پر مستفید ہوں گے۔
