اسلام آباد (شِنہوا) صدر آصف علی زرداری نے نئے چینی سال کے آغاز پر پاکستانی عوام کی جانب سے چینی عوام کو بہار تہوار کی مبارکباد دی ہے اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد کے ایوان صدر میں چینی میڈیا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے چینی زبان میں کہا ’’نیا سال مبارک ہو‘‘۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط کریں گے اور پاک-چین دوستی کو نسل در نسل منتقل کریں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی اور ثقافتی تبادلوں کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید پاکستانی فلمیں چین میں ریلیز ہوں گی اور دونوں ممالک کے ناظرین کے لئے پاکستانی اور چینی فنکاروں کی مشترکہ بہترین تخلیقات سامنے آئیں گی۔
آصف علی زرداری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ نوجوان پاک-چین دوطرفہ تعلقات کے مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں میں اضافے پر خوشی کا اظہار کیا۔




