چین کے وسطی صوبے ہینان کے شہر ژینگ ژو میں چین کی سرکردہ این ای وی کارساز کمپنی بی وائے ڈی کے کارخانے کی پروڈکشن لائن پر موجود نئی توانائی گاڑی کا منظر-(شِنہوا)
ژینگ ژو(شِنہوا)چینی کارساز کمپنی بی وائے ڈی کی چین کے وسطی صوبے ہینان میں موجود ژینگ ژو برانچ اس سال کی پہلی سہ ماہی میں 20 ہزار ملازمین کو بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس سے بہار تہوار کی چھٹیوں کے بعد زیادہ تعداد میں درخواست گزار راغب ہوں گے۔
بھرتی مہم ٹیکنالوجی پر مبنی آر اینڈ ڈی اور پیداواری شعبے سمیت متعدد شعبوں پر محیط ہے جس کا مقصد کمپنی میں باصلاحیت افراد کو بڑھانا ہے۔
روزگار کے خواہشمندوں کے قیام کے لئے بھرتی کا مقررہ مقام سامان ذخیرہ کرنے کی جگہ پر مشتمل ہے۔ امیدواران انٹرویو اور طبی معائنہ پاس کرنے کے بعد معاہدوں پر دستخط کرکے آن بورڈنگ طریقہ کار مکمل کر کے فوری طور پر عملے کے ہاسٹل منتقل ہوگا۔
فروری کے اوائل تک بی وائے ڈی کی ژینگ ژو برانچ پر تقریباً 60 ہزار افراد ملازمت کر رہے تھے جن میں 90 فیصد سے زائد کا تعلق ژینگ ژو یا اس کے گرد و نواح کے علاقوں سے تھا۔یہ پلانٹ بی وائے ڈی کا گاڑیاں تیار کرنے والا سب سے بڑا مرکز ہے۔ اس مرکز میں 2024 میں 5 لاکھ 45 ہزار نئی توانائی کی گاڑیاں(این ای ویز) تیار کی گئیں جن میں گزشتہ سال کی نسبت 169.8 فیصد اضافہ ہوا۔
اس وقت ژینگ ژو ایک اور چینی کار ساز سائیک موٹر کا بھی کلیدی مرکز بن گیا ہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں سائیک موٹر کے این ای وی بیٹری پلانٹ نے 2ارب یوآن(تقریباً 27 کروڑ 89 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالر) کی مجموعی سرمایہ کاری سے 3 لاکھ پاور بیٹری سیٹ تیار کرنے کی صلاحیت کے ساتھ پیداوار کا آغاز کیا۔
2022 میں ہینان کی صوبائی حکومت نے ژینگ ژو کو صنعت کا مرکز بناتے ہوئے این ای وی کی ترقی تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔صوبائی حکومت کی اس سال کی کارکردگی رپورٹ میں صوبائی حکومت نے 14 لاکھ این ای ویز سمیت 20 لاکھ گاڑیاں تیار کرنے کے مقصد کے تحت بی وائے ڈی،سائیک موٹر،چیری اور یوتھونگ جیسی کار ساز کمپنیوں سے تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
