چین، بیجنگ میں گاڑیوں کے شوروم میں ایک شخص شیاؤمی کی نئی توانائی گاڑی کے ماڈل ایس یو 7 کے متعلق معلومات حاصل کررہا ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) چین میں نئی توانائی کی گاڑیوں (این ای ویز) نے زبردست کارکردگی دکھائی اور جنوری کے دوران پیداوار گزشتہ برس کی نسبت 29 فیصد اضافے سے 10 لاکھ 20 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔
چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹوموبائل مینوفیکچررز (سی اے اے ایم) کے مطابق جنوری میں نئی توانائی کی گاڑیوں کی فروخت گزشتہ برس کی نسبت 29.4 فیصد اضافے سے 9 لاکھ 44 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ ماہ فروخت شدہ مجموعی نئی گاڑیوں کا 38.9 فیصد ہے۔
چین کی گاڑیوں کی صنعت نے سال کا آغاز مستحکم انداز میں کیا ہے جنوری میں مسافر کاروں کی پیداوار اور فروخت دونوں میں گزشتہ برس کی نسبت اضافہ ہوا۔
گزشتہ ماہ مسافر گاڑیوں کی مجموعی پیداوار 21 لاکھ 50 ہزار یونٹس رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 3.3 فیصد زیادہ ہے جبکہ فروخت گزشتہ برس کی نسبت 0.8 فیصد اضافے سے 21 لاکھ 30 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی۔
گزشتہ ماہ چین کی گاڑیوں کی برآمدات میں گزشتہ برس کی نسبت 6.1 فیصد اضافہ ہوا اور جنوری میں یہ تعداد 4 لاکھ 70 ہزار یونٹس رہی۔
سی اے اے ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل چھن شی ہوا کا کہنا ہے کہ اشیاء تبادلہ پروگرام جیسے کھپت دوست اقدامات کے ذریعے فروغ پانے والی چین کی گاڑیوں کی صنعت مستحکم ترقی جاری رکھے گی۔
