مالی کے علاقے کائس میں غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی سونے کی منہدم ہونے والی کان کے گرد لوگ جمع ہیں-(شِنہوا)
باماکو(شِنہوا)مالی کے مغربی علاقے میں غیر قانونی طور پر چلائی جانے والی سونے کی کان منہدم ہونے سے 50 افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ سانحہ کائس کے ضلع کینیبا میں واقع ڈابیا کے نواحی گاؤں بلال کوٹو میں پیش آیا۔
ایک مقامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ کیٹرپلر مشین کان پر گر گئی جہاں لوگوں کا ایک گروپ سونے کی تلاش میں مصروف تھا۔ واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل ہوچکا ہے اور کوئی بھی ملبے تلے دبا نہیں ہے۔ اس حادثے میں مجموعی طور پر 49 خواتین اور ایک مرد جاں بحق ہوئے۔
مالی افریقہ میں سونے کے بڑے پیداواری ملکوں میں سے ایک ہے۔ مقامی حکام غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پرقابو پانے کے لئے سرگرم ہیں۔ کاریگر اکثر انتہائی خطرناک حالات میں کام کرتے ہیں جس کی وجہ سے جان لیوا حادثات رونما ہوتے ہیں۔
