واشنگٹن/میکسیکو سٹی (شِنہوا) امریکی وفاقی ہوابازی انتظامیہ (ایف اے اے) نے فضائی کمپنیوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں مشورہ دیا ہے وہ عسکری سرگرمیوں کی وجہ سے میکسیکو اور متعدد دیگر لاطینی امریکی ممالک کی فضائی حدود میں احتیاط برتیں۔
ایف اے اے کے ترجمان نے کہا کہ ایف اے اے نے فضائی کمپنیوں کو میکسیکو، وسطی امریکہ، پانامہ، بوگوٹا، گوایاکوئل، مازاتلان اوشیانک فلائٹ ریجنز اور مشرقی بحرالکاہل کی فضائی حدود کے مخصوص علاقوں کے لئے انتباہی نوٹس جاری کئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتباہی نوٹس 60 دن تک موثر رہیں گے۔
ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ عالمی نیویگیشن سیٹلائٹ نظام میں ممکنہ خلل ہو سکتاہے جس سے ایسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جو پروازوں کے تحفظ کے لئے خدشات کا باعث ہو۔
میکسیکو کی وزارت انفراسٹرکچر، مواصلات اور ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ایف اے اے کی جانب سے جاری کردہ فضائی نوٹس احتیاطی نوعیت کا ہے اور اس کا مطلب کسی قسم کی پابندی یا میکسیکو کی شہری ہوا بازی پر اثر انداز ہونا نہیں ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ نوٹس کسی ممانعت کی حیثیت نہیں رکھتا بلکہ ایک احتیاطی اقدام ہے جس کا مقصد فضائی آپریشنز کے دوران بعض فضائی علاقوں میں نگرانی اور احتیاط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔




