چین کے دارالحکومت بیجنگ کی ضلع داشنگ میں ٹینک بلیو سیمی کنڈکٹر کمپنی لمیٹڈ کے ہیڈکوارٹرز کی ورکشاپ میں عملے کاایک رکن کام میں مصروف ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت تجارت نے کہا کہ وہ امریکہ کی بنیادی سیمی کنڈکٹر کی برآمدات کی تحقیقات شروع کرے گی، جسے روایتی یا پرانے پیداواری طرز پر تیارکردہ سیمی کنڈکٹر بھی کہا جاتا ہے۔
چین کی مقامی چپ انڈسٹری پر امریکہ سے درآمدکردہ کم قیمت روایتی چپس کے اثرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزارت کے ایک ترجمان نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے امریکی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری کو فراہم کی جانے والی نمایاں سبسڈی کے بارے میں اس شعبے کے اندر خدشات پائے جاتے ہیں۔
مقامی چپ انڈسٹری کی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ امریکی کمپنیوں نے سبسڈی سے غیر منصفانہ مسابقتی فائدہ حاصل کیا ہے اور وہ چین کو کم قیمت چپس برآمد کر رہی ہیں جس سے چین کی مقامی چپ انڈسٹری کے جائز مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین کی مقامی صنعت کی جانب سے تشویش کا اظہار کرنا معمول کی بات ہے اور انہیں تجارتی مسئلہ کی تحقیقات کی درخواست کرنے کا حق حاصل ہے۔
ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ حکام چینی قوانین اور ضوابط کے ساتھ ساتھ عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے قواعد کے مطابق ملکی صنعت کی درخواستوں کا جائزہ لیں گے اور قانونی طریقہ کار کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کریں گے۔
